بھارت کے خلاف جارحانہ سفارتکاری اپنائی جائے‘مسعود خان

132

مظفرآباد (صباح نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے80 ہزار گھرانوں کے 6 لاکھ 10ہزار شہریوں کے سر پر دست شفقت رکھ کر اُن لوگوں کی مادر وطن کے لیے دی گئی قربانیوں کا نہ صرف اعتراف کیا ہے بلکہ آزاد کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں کا حق بھی ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ مظفرآباد کے دوران لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی گولہ باری سے متاثرہ ایک لاکھ 38 ہزار لوگوں کے لیے احساس ایمر جنسی کیش پروگرام اور آزاد کشمیر کے12لاکھ لوگوں کے لیے ہیلتھ کارڈ دینے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے شہری پاکستان اور آزاد کشمیر کے سپاہی ہیں اور بہادری سے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کر رہے ہیں‘بھارت کی آزاد کشمیر اور پاکستان پر حملہ کرنے کی دھمکیوں کا جواب جارحانہ انداز میں دیا جائے اور سفارتکاری میں بھی جارحانہ انداز اپنایا جائے۔