منور حسن کی وفات سے عالم اسلام ایک عظیم قائد سے محروم ہوگیا

147

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیرمیاں عبدالستار بیگا، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم ،نائب امیر رانا وسیم احمد ایڈووکیٹ ،میاں زبیر لطیف، چاند زیب خاں،رانا نعیم اکرم ،حاجی محمدحنیف اور دیگر رہنمائوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سید منور حسن کی وفات سے ملک و قوم اور عالم اسلام ایک عظیم اور مخلص قائد سے محروم ہوگئے۔ سید منور حسن عالمی اسلامی تحریکوں کے حوالے سے اپنی خاص پہچان اور بلندو بالا مقام رکھتے تھے۔سید منور حسن نے اپنی پوری زندگی غلبہ اسلام کی جدوجہد میں گزاری۔سید منور حسن نے امریکی مداخلت کے خلاف ’’گو امریکا گو‘‘تحریک چلائی۔اس وقت ملک کے بچے بچے کی زبان پرایک ہی نعرہ تھا ’’گو امریکا گو‘‘ سید منور حسن کے اس وژن کو پوری قوم نے سراہا اور آخر ملک کے مقتدر طبقے اور حکمرانوں کو بھی تسلیم کرنا پڑا کہ امریکا پاکستان کا خیر خواہ نہیں۔ سید منور حسن کی جہد مسلسل کی داستان نصف صدی پر پھیلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مرحوم پاکستانی سیاست کا بڑا نام اور اثاثہ تھے، ان کی ملک و قوم کے لیے سیاسی اور مذہبی خدمات ناقابل فراموش ہیں، جنہیں ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ سید منور حسن کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے۔ سید منور حسن کی لازوال سیاسی اور مذہبی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مرحوم ایک انتہائی شریف النفس اور درد دل رکھنے والے انسان تھے۔ مرحوم قائدانہ صلاحیتوں کے حامل تھے۔