حکومت نے پیٹرول مہنگاکرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا ہے،محمد جاوید

142

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی112کے امیررائے محمد جاوید،جنرل سیکرٹری محمدطیب انصاری،نائب امیر میاں سہیل انجم، جے آئی یوتھ کے صدر میاں محمد عمران نے کہا ہے کہ پیٹرول 25 روپے 58 پیسے، لائٹ ڈیزل 17 روپے 84 پیسے فی لیٹر مہنگا کر کے عوام پر مہنگائی بم گرایا ہے۔ پوری دنیا میں پیٹرول کی قیمت ابھی بھی انتہائی کم ہے۔ گزشتہ ماہ عوامی دبائو پر مجبوراً سستا ہونے والا پیٹرول آئل کمپنیوں کی چالاکی و عیاری اور حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پورے ملک میں ناپید تھا اور عوام پورا مہینہ قطاروں میں خوار ہو کر تھوڑا تھوڑا پیٹرول حاصل کرتے رہے اور اب حکومت نے آئل کمپنیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی ہیں۔ پوری قوم اس عوام دشمنی کو مسترد کرتی ہے۔ رائے محمدجاوید نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور ریلیف کے نام پر اقتدار میں آنے والے کی زندگی تنگ کردی ہے اور تمام وعدوں اور دعووں سے سو فیصد مکر گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں مہنگائی ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ تیزی سے گرتی معیشت کو نہ سنبھالا تو ملک سنگین تباہی سے دوچار ہو جائے گا۔ عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔ کورونا کی وبا نے ملک میں بے پناہ معاشی مشکلات پیدا کردی ہیں اور کاروبار اور روزگار تباہ جبکہ تجارتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیںجماعت اسلامی کے رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کو فی الفور واپس لے۔