بلوچستان میں کورونا کیسز میں تیزی سے کمی آرہی ہے،لیاقت شاہوانی

110

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا کیسز میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔ اگر عوام نے اسی طرح ایس او پیز پر عمل کیا تو جولائی میں صوبے میں بہت کم کیسز رپورٹ ہونگے۔ مرکزی حکومت وفاقی محکموں میں ملازمتوں سے متعلق بلوچستان کے 6 فیصد کوٹے پر عمل کریں۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں کورونا کے ٹیسٹ کے لیے 6 نئے مراکز قائم کیے گئے ہیں ، ٹیسٹ کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا گیا ہے عوام سے گزارش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرائیں تاکہ کورونا سے وائرس متاثرہ افراد کی نشاندہی اور بروقت علاج ممکن ہوسکے۔لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کورونا کیسز میں تیزی سے کمی آرہی ہے ، شہری علاقوں میں لوگ ایس او پیز پر عمل کررہے ہیں اگر عوام نے اسی طرح احتیاط کی تو جولائی میں صوبے میں کورونا کے بہت کم کیسز رپورٹ ہوںگے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت شروع کررہے ہیں جس کے ذریعے ڈاکٹرز ویڈیو لنک کے ذریعے مریضوں کا علاج کرسکیں گے،اب تک چار بنیادی مراکز صحت میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے 6 سو سے زائد بی ایچ یوز فعال کررہے ہیں تاکہ عوام کو علاج کے لیے ایک جگہ سے دوسری جگہ نہ جانے پڑے ، اس بجٹ میں 6 ہزار آسامیاں رکھی گئی ہیں ، مرکزی حکومت وفاقی محکموں میں ملازمتوں سے متعلق بلوچستان کے 6 فیصد کوٹے پر عمل کریں تاکہ بلوچستان میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکے۔انہوں نے کہ بلوچستان حکومت پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملہ کی مذمت کرتی ہے۔