حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے

103

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجراور جنرل سیکرٹری راشد محمود ،نائب صدورعمرفاروق،سلیم انصاری، فیصل خلیجی، سلطان ڈوگر،عبداللہ بشیراور میاں محمد عمران اوردیگرنے پیٹرول قیمتوں میں اضافے کے وفاقی حکومتی فیصلے کو عوام دشمن قرار دے دیا، کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی وجہ سے جہاں عوام دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں اوپر سے پیٹرول بم گرانا عوام سے جینے کا حق چھیننے کے مترادف ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں مگر عمران خان کے مسلسل عوام دشمن فیصلوں کو جارحانہ پالیسی تصور کرتے ہیں۔ اوگرا قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرکے پیٹرول مافیا اور کرپٹ حکمرانوں کو ریلیف دینے کا مقصد ہے کہ وفاقی حکومت اپنی رٹ ختم کرچکی ہے۔ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے وفاقی حکومت کے فیصلوں کو عوام دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایک طرف عوام کو گھبرانا نہیں کی تلقین کررہے ہیں، دوسری جانب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں۔ جنرل سیکرٹری راشدمحمود کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ حالات میں جہاں عوام کیساتھ کاروباری طبقہ لاک ڈائون کی وجہ سے شدید مالی بحران کا مقابلہ کررہا ہے، اس وقت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے برابر ہے۔ پیٹرول قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سمیت ٹرانسپورٹر اور ہر قسم کا طبقہ متاثر ہوگا۔جے آئی یوتھ نے وفاقی حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے تیل کی قیمتوں کو پرانے نرخ پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔