راولپنڈی (آن لائن) بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر اشتعال انگیز فائرنگ سے نوجوان شہید ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کنٹرول لائن کے لیپہ سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو آرٹلری، مارٹرز اور دیگر بڑے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تلواری گاؤں میں نوجوان شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی میں دشمن کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کو خاموش کر ادیا جہاں سے سول آبادی پر فائرنگ اور گولہ باری کی جارہی تھی۔ علاوہ ازیں پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھا رتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارتی نا ظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور انہیںاحتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ناظم الامورگوروف اہلووالیہ کو بدھ کے روز وزارت امور خارجہ میں طلب کیا گیا اور بھارتی قابض افواج کی جانب سے 29 اور30 جون کو لا ئن آف کنٹرول پر بلااشتعال سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کر ایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک معصوم شہری شہید اور 5 زخمی ہو ئے تھے ۔ پا کستان کی جا نب سے بھا رتی فوج کے ہا تھوں معصوم شہریو ں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے‘ اس سے ظاہر ہو تا ہے کہ بھارت ایل او سی پر صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہاہے جو علاقائی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے بھارت ایل او سی اور مغربی سرحد پر کشیدگی کو ہوا دے کر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ احتجاجی مراسلے میں بھارت کو کہا گیا ہے کہ وہ فائر بندی معاہدے کا احترام کرے اور جان بو جھ کر کی گئی خلاف ورزیوں سمیت دیگر اس قسم کے واقعات کی تحقیقات کرائے اور لائن آف کنٹرول اور سرحد پرامن کو برقرار رکھے۔