ہاؤسنگ اور تعمیرات ترجیحات میں سرفہرست ہیں،وزیر اعلیٰ پختونخوا

113

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے موجودہ صورتحال میں ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبوں کے فروغ کو موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ان شعبوںکو نجی سرمایہ کاری کے لیے پر کشش بنانے اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ مراعات اور سہولیات دینے کے لیے ایک قابل عمل اور جامع پلان تشکیل دیکراس پر عملدرآمد کے لئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز مقرر کی جائے۔ بدھ کے روز مذکورہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ نجی شعبے میں ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے زمین کی خریداری اور نقشوں کی منظوری سمیت تمام مراحل کو آسان بنانے کے لیے متعلقہ رولزاور قواعد وضوابط میں ضروری ترامیم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو صوبے کی طرف راغب کیا جا سکے۔ اجلاس میں صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں ان شعبوں کو فوری طور پر ترقی دینے کے لیے سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور مراعات کی فراہمی سے متعلق مختلف اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔