کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں تجاوزات اور زیر تعمیرغیر قانونی عمارتوں کے خلاف کارروائی کے دوران متعد عمارتیں سیل اور تجاوزات ہٹادی گئیں ۔ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ طارق جاوید مینگل کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ سیل نے ایم اے جناح روڈ پر عارضی و پختہ تجاوزات ہٹانے کے ساتھ ساتھ سول اسپتال کے سامنے زیر تعمیر عمارت کو بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے اور میونسپل سیوریج نظام مفلوج کرنے پر ترقیاتی کام بند کرا دیا۔اس کے علاوہ فاطمہ جناح روڈ پر بھی بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی ایک عمارت کو سیل کر دیا گیا جبکہ طوغی روڈ اورمشن چوک پر بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی جہاں غیر قانونی شیڈ مسمار کیے گئے، بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی ایک عمارت کے ترقیاتی کام کو روک کر ضروری دستاویزات سمیت دفتر میں پیش ہونے کے ہدایات دی گئی۔ کارروائی اینٹی انکروچمنٹ آفیسر محمد قاسم خان، میونسپل مجسٹریٹ سربلند کھوسہ، میٹروپولیٹن روڈ گینگ عملہ، آر آر جی اور ای لائٹ فورس اور متعلقہ تھانے کے اہلکاروں کی نگرانی میں کی گئی۔