حکومت عوام دشمن مافیا کی سہولت کار بن گئی،عنایت اللہ

141

پشاور (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی و ممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں پٹرول سستا ہے لیکن موجودہ حکومت کے اند ر بیٹھے ہوئے عناصر کے پاس یہ صلاحیت نہیں ہے کہ وہ مافیاز کے ساتھ لڑ سکے اور حالات کو حکمت عملی کے ساتھ بہتر کرسکے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسئلے کا حل نہیں ہے۔ حکمران مسلسل عوام پر مہنگائی کا بم گرار ہے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ اس اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا اور غربت کی چکی میں پسے عوام کی زندگی مزید مشکلات سے دوچار ہوجائے گی۔ اسے فی الفور واپس لیا جائے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو شدید مایوس کرکے رکھ دیا ہے۔ مہنگائی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ایک طرف غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بددیانتی، کرپشن جیسے سنگین مسائل نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے جبکہ دوسری جانب موجودہ حکمران آئی ایم ایف کی ہدایات پر مختلف ٹیکس لگا کر عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا احساس نہیں۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں ملا۔ ملکی مسائل کم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔ ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہر شے کو جام کردے گا۔ حکومت پیٹرول کے ذخیرہ اندوزوں، تیل مافیا کیخلاف کوئی اقدام کرنے میں ناکام رہی اور خوفزدہ ہو کر پی او ایل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ سستے تیل کی فراہمی بحال نہ ہوسکی۔ مافیا نے من پسند قیمتیں طے کرالیں اور تیل کی ذخیرہ اندوزی بھی باہر آگئی۔ حکومت عوام دشمن مافیا کی سہولت کار بن گئی ہے۔