اسرائیلی قبضے روکنے کیلیے حماس اور الفتح متحد، مشترکہ مزاحمت کا اعلان

158

 

غزہ سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطینی علاقوںپر اسرائیل کے قبضے روکنے کے لیے حماس اور الفتح نے متحدہوکر مشترکہ مزاحمت کا اعلان کیا ہے۔الفتح کے سینئر رہنماجبریل الرجوب نے راملہ میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیلی پیش قدمی کو بہرصورت روکاجائے گا، قومی یکجہتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ اس پریس کانفرنس میں وڈیو لنک کے ذریعے بیروت میں موجود حماس کے رہنما صالح العروری بھی شریک
تھے۔دونوں جماعتوں نے مقبوضہ غرب اردن کے علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے منصوبے کے خلاف متحدہ مہم چلانے کا عندیہ دیا ۔ قبل ازیںمغربی کنارے اور جارڈن ویلی کو ہڑپ کرنے کے اسرائیلی منصوبے کے خلاف حماس کے زیراہتمام ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ ز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی منصوبے اورامریکا کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکا نے اسے امریکا اور اسرائیل کی سازش قرار دیا، احتجاج میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔واضح رہے کہ اسرائیلی منصوبے کی عالمی برادری نے بھی شدید مخالفت کی ہے۔ جرمنی نے فلسطینی علاقے غرب اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کا منصوبہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، جرمن پارلیمنٹ میں اس حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔