کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری خاموشی توڑ دے، ڈاکٹر خالد محمود

105

راولاکوٹ (پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ مقبوجہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر عالمی برادری نے خاموشی کا روزہ نہ توڑا تو دنیا ایٹمی جنگ سے نہیں بچ سکتی، نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت کی تمام حدیں پار کرلیں، مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں بشیر احمد کے سفاکانہ قتل اور دادا کی لاش پر بیٹھے معصوم پوتے کی بے بسی نے پوری دنیا کے دل ہلا کر رکھ دیے یہ سانحہ پوری انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے، ہزاروں کشمیری بچوں کی طرح یہ معصوم بھی کشمیر کی آزادی کا چراغ ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کے اندر روزانہ قیامت برپا کی جا رہی ہے کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے، کورونا وائرس سے بچائو کیلیے کشمیریوں کو سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف کارروائی کرے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھارت کے خلاف قرار داد پاس کر کے فوجی مداخلت کرے حکومت پاکستان فیصلہ کن کردار ادا کرے ۔