بلوچستان،مختلف حادثات وواقعات میں 3 افراد جاں بحق ،5 شدید زخمی

129

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں فائرنگ ، ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں تین افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے غریب آباد میں مسلح افراد نے محمود رضا نامی شخص پر اندھادھند فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ، واقعہ کے بعد لاش کو ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال نوشکی منتقل کردیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے ، واقعہ کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔کوئٹہ کے علاقے ائیرپورٹ روڈ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے ، پولیس کے مطابق مقتول کو گولیاں مار کے قتل کیا گیا ہے لاش کو شناخت کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔ادھر کوئٹہ کے علاقے ہزارگنجی میں دو گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ، پولیس کے مطابق لڑائی جھگڑے کیدوران خنجروں کے وار سے لال محمد ولد خان محمد نامی شخص زخمی ہوگیا جسے علاج کے لیے سول اسپتال منتتقل کردیا گیا ہے۔بلوچستان کے ضلع کوہلو کی تحصیل ماوند میں گھریلو ناچاقی پر گہرے جوہڑ میں چھلانگ لگا کرخودکشی کرلی ، لیویز کے مطابق لاش جوہڑ سے نکال کر ورثا ء کے حوالے کردی گئی۔کوہلو میں دوسرا واقعہ قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں سبی سے کوہلو آتے ہوئے لیویز اور گاڑی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دو لیویز اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ادھر ضلع دالبندین میں گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک اہلکار زخمی ہوگیا جسے طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پرنس فہد اسپتال منتقل کردیا گیا ، زخمی اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ضلع بولان کے علاقے پنجہ کے قریب تیزرفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی جس کے باعث گاڑی میں سوار شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔