سید علی گیلانی، حریت کانفرنس اور جذبہ حریت

408

سید علی گیلانی نے حریت کانفرنس کے اپنے دھڑے کی سربراہی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرکے گویا کہ کشمیر کی سیاست کے تالاب میں تادیر جاری رہنے والا ارتعاش پیدا کر دیا۔ ان کے خط میں اس فیصلے کی کئی وجوہات بیان کی گئی ہیں اور سوشل میڈیا اور اخبارات میں اس فیصلے کے مضمرات واثرات پر تجزیوں اور بحث کا نہ تھمنے والا ایک سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کسی کو اس میں تقسیم کشمیر کی بو نظر آرہی ہے کسی کو اس فیصلے کے پیچھے سید علی گیلانی کی کوئی اور ناراضی جھلکتی دکھائی دے رہی ہے۔ کچھ آوازیں تو یہ بھی اُ ٹھ رہی تھیں کہ سید علی گیلانی انتہائی علیل اور نجانے کس ذہنی کیفیت میں ہیں اور ان کے گرد چند افراد ایک گروہ سید علی گیلانی کے نام پر فیصلے کر رہا ہے ان کا حریت کانفرنس سے الگ ہونے کے اعلان پر مبنی خط بھی ایسی ہی واردات ہے۔ سید علی گیلانی کے ایک عزیز نے بتایا کہ کہ وہ بستر علالت پر ضرور ہیں مگر ان کی ذہنی حالت صحت مند لوگوں سے زیادہ بہتر ہے اس لیے ان کو بے خبری میں رکھ کر فیصلے کرانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سید علی گیلانی نے مختصر آڈیو پیغام جاری کرکے اس خط اور اس کے مندرجات کو مکمل اوون کر کے پھیلائی جانے والی خبروں اور تاثر کی نفی کی۔
سید علی گیلانی کشمیر کی مزاحمت کے سب سے مقبول اور سب سے سربرآوردہ قائد ہیں۔ نائن الیون کے بعد تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات میں یوں لگ رہا تھا کہ کشمیر میں عسکریت کا دور اختتام کو پہنچنے والا ہے۔ کشمیر میں عسکریت کی جگہ ’’پیس پروسیس‘‘ اور ’’ہیلنگ ٹچ‘‘ جیسی اصطلاحات کا چرچا تھا اور صاف دکھائی دے رہا تھا کہ یہ مہم اب کے کامیاب ہوگی اور کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی قابل عمل سمجھوتا ہوجائے گا۔ جس میں کشمیر پر اقتدار اعلیٰ بھارت کا ہوگا مگر اس کے نیچے کشمیریوں کو نقل وحرکت کی آزادی ہوگی اور وہ کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور پاکستان اور بھارت کے درمیان آسانی سے آمدو رفت جاری رکھ سکیں گے۔ اس منصوبے کو امریکا کی حمایت حاصل تھی اور پاکستان میں جنرل مشرف بھی اس فارمولے کو قبول کرتے جا رہے تھے۔ اس منصوبے کو کشمیر کے اندر بھارت نواز کیمپ کی حمایت تو حاصل ہی تھی مگر حریت کانفرنس کے کیمپ سے بھی حمایت دلانے کی مہم جاری تھی۔ سید علی گیلانی نے جب یہ دیکھا کہ اس منصوبے میں کشمیر پر حتمی اقتدار اعلیٰ بھارت ہی کا رہنا ہے اور پاکستان کو اس صورت حال کو بادل نخواستہ سہی حقیقت کے طور پر تسلیم کرنا ہی ہے تو انہوں نے اس عالمی اسکیم کے خلاف اُٹھ کھڑے ہونے کا مشکل فیصلہ کیا۔ انہوں نے خود کو ’’پیس پروسیس‘‘ سے الگ کر دیا اور یوں حریت کانفرنس دو دھڑوں میں بٹ گئی۔ سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے رجوع کر لیا اور انہوں نے اپنے موقف کی حمایت میں وادی کے طول وعرض میں عوام سے رابطہ شروع کیا۔ انہوںنے بچی کچھی عسکریت کی کھل کر حمایت کی اور دیکھتے ہی دیکھتے عوام ان کے گرد جمع ہوتے چلے گئے۔ وہ کسی جنازے کے جلوس میں ہوں یا کسی گھر میں تعزیت کررہے ہوں نوجوان پروانوں کی طرح ان کے گرد جمع ہوتے چلے جاتے۔ سیدعلی گیلانی نے کشمیری نوجوانوں کے جذبات کی زیادہ شدت سے ترجمانی شروع کی اور یوں وہ کشمیر کی فضا میں آگ لگا دینے والے لیڈر کی حیثیت سے اُبھرے۔ اس کے باوجود میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک بھی اپنے اپنے حلقہ ہائے اثر پر گرفت قائم رکھے رہے۔ علی گیلانی نے اس نازک دور میں بہت جرأت کے ساتھ کشمیری نوجوانوں کی ترجمانی کی اور یہاں تک کہ جنرل مشرف کی رخصتی کے ساتھ ہی عالمی اسکیم بھی وقتی طور پر ناکام ہوگئی۔
جنرل مشرف کے ساتھ دہلی میں سید علی گیلانی کی ایک ملاقات شدید تلخی اور توتکار کے ساتھ اختتام کو پہنچی تھی۔ رواں عشرے میں کشمیر میں جو نیا انقلاب اُبھرا اس میں سیدعلی گیلانی مرکزی حیثیت کے حامل تھے اور اس انقلاب میں حریت کانفرنس کے دونوں دھڑے بے اثر ہو کر رہ گئے تھے اور ان کی جگہ تین بااثر سیاسی شخصیات سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل ’’مشترکہ مزاحمتی فورم‘‘ نے سیاسی مزاحمت کی کمان سنبھال لی۔ یہ حریت کانفرنس کی جگہ ایک نئے فورم ہی کا اُبھار تھا اور اس میں جماعتوں کے بجائے تین شخصیات کی اہمیت تھی۔ مشترکہ مزاحمتی فورم نے برہان وانی کی شہادت کے بعد کے حالات پر اپنا کنٹرول قائم کیا۔ پانچ اگست کے بعد بھارت نے کشمیر کی ساری قیادت کو جیلوں میں ڈال کر بے اثر کر دیا۔ سید علی گیلانی دس سال سے نظر بندی کا شکار ہیں۔ محمد یاسین ملک کو جن مقدمات میں پھنسایا گیا ہے انہیں دوسرا مقبول بٹ اور افضل گورو بنانا نہایت آسان ہے۔ میرواعظ ایک بڑا دینی اور سماجی نیٹ ورک رکھتے ہیں۔ جامع مسجد ان کا مرکز ہے اور جامع مسجد کو خاردار تاروں میں محصور کرکے اور تالہ بندی کر کے بھارت نے میرواعظ کے خلاف آخری انتہا تک جانے کا اشارہ دیا۔ یہ کشمیر میں اُبھرنے والی یکسر نئی صورت حال ہے جہاں کوئی اصول، قاعدہ ضابطہ نہیں بلکہ طاقت ہی آخری زبان ہے۔ حریت کانفرنس تیزی سے کشمیر کے حالات میں غیر متعلق ہو کررہ گئی ہے۔ ایسے میں سید علی گیلانی کا اس ٹریڈ مارک سے الگ ہونا اچنبھے کا باعث نہیں۔ حریت کانفرنس سے الگ ہونے کا مطلب تحریک آزادی سے الگ ہونا نہیں۔ سید علی گیلانی تحریک کا معتبر حوالہ ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے ایک نازک دور میں مزاحمتی تحریک کی قیادت کرکے شاندار کردار ادا کیا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے اپنا نقش قدم چھوڑا ہے۔ وہ کشمیریوں کے مقبول جذبات کے ترجمان ہیں اور رہیں گے۔ سیاسی اتحادوں کا بننا ٹوٹنا اس راہ میں معمول کی سرگرمی ہوتی ہے۔