راولپنڈی(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ جعلی ڈگری والے پائلٹوں کو برطرف کیا جائے گا اور ان پر فوجداری مقدمات بھی بنیں گے۔وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے طیارہ حادثے میں جب تک غلطی کا احساس نہیں ہوگا تو اصلاح کیسے ہوگی۔ پی آئی اے جعلی ڈگری کا معاملہ سپریم کورٹ کے از خود نوٹس سے شروع ہوا جب ہماری حکومت نہیں تھی۔ 336 افراد کی ڈگریاں جعلی نکلیں جن میں پائلٹ،کیبن کریو، انجینئر،گرائونڈ لوگ بھی شامل ہیں۔ یہ افراد داد رسی کے لیے سپریم کورٹ گئے جہاں سے ان کی اپیلیں مسترد ہوگئیں۔غلام سرور خان نے بتایا کہ فروری 2019 میں پائلٹ کی ڈگریوں کی چیکنگ کے لیے بورڈ بنا دیا تھا، 850 سے 262 پائلٹ کی ڈگریاں چیکنگ میں جعلی نکلیں، 28 پائلٹ کو شوکاز دیا گیا اور 9 پائلٹوں نے اعتراف جرم کیا۔ مزید 30 پائلٹوں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے ہر پائلٹ کا الگ الگ کیس پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اس بابت مفصل سمری تیار کر رہے ہیں۔غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ جو پائلٹ اندرون ملک کام کر رہے تھے انہیں گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ جعلی ڈگری والے پائلٹس برطرف ہوں گے اور فوجداری مقدمات بھی بنیں گے۔2018 کے بعد ہم نے پی آئی اے میں کوئی بھرتی نہیں کی ہم سابقہ حکومتوں کا گند صاف کر رہے ہیں۔غلام سرور خان نے کہا کہ ملک میں دیگر فضائی حادثات یئر بلیو، بھوجا ائر لائن، گلگت بلتستان حادثہ اور ہری پور حادثہ کی رپورٹ بھی پارلیمنٹ میں پیش کریں گے، پی آئی اے کا ریگولر آپریشن عارضی طور پر معطل ہے اور پی آئی اے اپیل میں جارہی ہے، اداروں کو غیر سیاسی بنا رہے ہیں کیونکہ سیاسی بھرتیوں اور ترقیوں سے ادارے تباہ کیے گئے۔قبل ازیںہوا بازی کے وفاقی وزیرغلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے کوروناوبا کے دوران پاکستان کو نہ صرف دنیا کا سب سے بڑا150 ارب روپے کا سوشل پروٹیکشن پروگرام دیابلکہ راولپنڈی میں 50ارب روپے سے زائد کے لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ سمیت مجموعی طور پر650ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیے۔ پچھلی حکومتیں جو کام 35سالوں میں نہ کر سکیں ہم نے 35مہینوں میں کر دکھایا۔ پاکستان 2030 تک دنیا کی 5بڑی معاشی قوتوں میں شامل ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز راولپنڈی میںوزیر اعظم ٹائیگر فورس کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے اراکین مشکل حالات میں عوامی فلاح کا کام کر رہے ہیں ٹائیگر فورس رمضان سے مصروف عمل ہے اور کورونا وبا سے نجات کے لیے سرگرم ہے۔