حکومت نے سیاحت کے فروغ کیلیے 10 سالہ پالیسی مرتب کرلی

145

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید زلفی بخاری نے کہا ہے کہ کورونا کے خاتمے کے ساتھ ہی پورے پروگرا م کا اجرا کر دیں گے۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹوورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) بند نہیں ہوا بلکہ فائدہ مند ادارہ بننے جا رہا ہے، اس ادارے نے لاکھوں نوکریاں پیدا کرنی ہیں، ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے 10 سالہ پالیسی مرتب کر لی گئی
ہے، دنیا بھر میں پاکستان کے سیاحتی مقامات کو اجاگر کریں گے،سیاحت سے متعلق دیگر ممالک کی طرح پاکستان کا برانڈ بنا دیا ہے تاہم کورونا کے باعث سیاحت کی پالیسی کو لانچ کرنے میں تاخیر ہوئی، کورونا کے خاتمے کے ساتھ ہی پروگرام کا اجرا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ برانڈ پاکستان کے نام سے پروگرام اسی سال شروع کریں گے۔ ایران اور ترکی سمیت 8 ممالک کے سیاحت کے وزرا پاکستان آئیں گے۔ پاکستان 2021ء میں ورلڈ ٹورازم فورم کی میزبانی کرے گا۔ اگلے سال یہ فورم 6 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری لا رہا ہے۔زلفی بخاری نے کہا کہ ہم نے کیا ضد کی ہوئی ہے کہ اداروں کو خسارے میں چلائیں؟ ہم روز ویلٹ ہوٹل کو خسارے سے چلا رہے ہیں۔ حکومت اس ہوٹل کو منافع پر چلا کر اس سے پیسہ کمانا چاہتی ہے۔