آٹے کابحران پھر پیداہوگیا،کپتان مافیا کے مقابلے کے بجائے اس کا حصہ بن گئے

171

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجوادنے کہاہے حکومتی ٹیم نااہلوں کا ٹولہ ہے جس نے دوسال میںناکامی کے عالمی ریکارڈقائم کیے ،سابقہ حکومتوں کی کرپشن، بدیانتی اور خزانہ خالی ہونے کا روناکب ختم ہوگا،آٹا پھر مہنگا کردیا گیا ایک بحران ختم نہیں ہوتا دوسراسراٹھالیتاہے کپتان مافیاکے مقابلے اورخاتمے کے بجائے اس کا حصہ بن گئے ،ملک لوٹنے والوں کوہرطرح کی آزادی اورحکمرانوں کی آشیربادحاصل ہے عمران خان نے2سالوں میں عوام کودکھوں کے سونامی میں ڈبودیا، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اوراوورولٹیج نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ 22برسوں تک بھٹی میں ڈال کرکندن بنائے گئے تحریک انصاف کے وہ ارسطوکہاں ہے جنہوں نے عوام کے مسائل کو حل کرناتھا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ذمے داران کے مشاورتی اجلاس سے خطاب اور عوامی وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجامحمدجواد نے کہاکہ چینی ،آٹامافیا کوسزادینا حکمرانوں کی ترجیح نہیں عوام کوان لٹیروں کے رحم وکرم پرچھوڑدیاگیاملکی ادارے کرپشن کے خاتمے اور غریب کوریلیف دینے کے بجائے ملک لوٹنے والے سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کوتحفظ فراہم کرنے میں لگے ہیں ،عوام مہنگی چینی ،آٹا اور بجلی و گیس لینے پر مجبور ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک عوام سچے دل سے توبہ و استغفار کرکے اپنے سابقہ گناہوں کی معافی نہیں مانگتے اور آئندہ دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت کا ساتھ نہیں دیتے ،پریشانیوں اور مصیبتوں سے چھٹکارا نہیں مل سکتا۔نظام مصطفی ﷺ ہی پاکستان کو ایک اسلامی و فلاحی اورمسائل سے پاک ریاست بنا سکتا ہے۔