ایل او سی پربھارتی فوج کی پھر بلااشتعال فائرنگ‘20سالہ لڑکی زخمی

89

تتہ پانی( آن لائن )لائن آف کنٹرول پر بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کو معمول بنا لیا۔ ایک 20سالہ لڑکی زخمی ہوگئی،جس پرپاک فوج کی جانب سے بھی بھرپورجوابی کارروائی کی گئی ۔ کنٹرول لائن پر مختلف سیکٹرز میں بھارتی فوج کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے،خصوصاً بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کو اپنا معمول بنالیا ہے۔گزشتہ شب بھی بھارتی فوج کی جانب سے ایل اوسی کے بٹل سیکٹر کی سویلین آبادی کے علاقوں پربلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کی گئی،جس کے نتیجے میں بٹل کلہ کی رہائشی ایک 20سالہ لڑکی علیزہ اعجاز دختر سردار اعجازخان بائیں ٹانگ میں شیل لگنے سے زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے فوری قریبی مرکزصحت پہنچایا گیا۔ ادھر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے، عوام شدید گرمی وحبس میں اپنے گھروں میں محصور ہوکرراتیں گزارنے پر مجبورہیں۔ سویلین علاقوں میں خوف وہراس کی کیفیت پائی جاتی ہے۔