قابض فوج کے ہاتھوں اور کشمیری شہید‘ حملے میں بھارتی فوجی ماراگیا‘جدوجہد جاری رہے گی‘ حزب المجاہدین

204

سرینگر/مظفر آباد(صباح نیوز /مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری‘ ایک کشمیری شہید‘ مجاہدین کے حملے میں بھارتی فوجی مارا گیا‘ ساتھی کے ہاتھوں سیکورٹی اہلکار مارا گیا‘ دوں قابض فوجیوں نے خود کشی کرلی‘ حریت کمانڈر برہان مظفر وانی کی چوتھی برسی پر آج وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان‘ بھارتی فوج نے مظاہرین کوروکنے کیلیے کرفیو نافذ کردیا‘ حزب المجاہدین کا بھارت سے آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم‘ حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کاآج اور 13 جولائی کی ہڑتال اور دعائیہ تقریباب کی مکمل حمایت کا اعلان۔واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو اپنے دوساتھیوں سرتاج احمد اور پرویز احمد کے ہمراہ 8 جولائی 2016 کو اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ماورائے عدالت قتل کیا تھا۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں لوگوں سے کہا کہ وہ اس دن کو اپنے اپنے علاقوں میں ’’شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ یوم یکجہتی‘‘ کے طور پر منائیں اور پورے مقبوضہ جموں و کشمیر میںمزار شہدا پر دعائیہ مجالس کا اہتمام کریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھی برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے احتجاجی ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔حریت رہنماؤںبلال احمد صدیقی ، فریدہ بہن جی ، محمد یوسف نقاش اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ سمیت دیگر حریت رہنماوں نے بھی اپنے بیانات میں برہان مظفر وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ دوسری جانب قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلع پلوامہ میں کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔بھارتی افواج نے پلوامہ کے علاقے گوسو میں جعلی آپریشن میں گھر گھر تلاشی کے دوران نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کیا۔دوسری جانب حریت کمانڈر برہان مظفر وانی کی چوتھی برسی کے موقع پر بھارتی فوج کی جانب سے سیکڑوں نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بدھ کو برہان وانی کی چوتھی برسی کے موقع پر وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی جب کہ غاصب فوج نے وادی میں مکمل کرفیو نافذ کردیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع پلوامہ کے علاقے گوسو میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ادھر خودکشی اور فائرنگ کے واقعات میں بھارتی فورسز کے 3 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ مقبوضہ وادی کے ضلع کلگام میں بھارتی پولیس کا اے ایس آئی ساتھی کانسٹیبل کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جس کے بعد کانسٹیبل نے بھی خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ ضلع بارہ مولا میں بھی بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کرخودکشی کرلی۔علاوہ ازیں حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے قائدِ تحریک آزادی سید علی گیلانی کی 8اور13 جولائی کے حوالے سے ہڑتال اور مزار شہدا سرینگر پر دعا عیہ تقریب کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس میں شرکت کریں اورہڑتال کامیاب بنائیں۔ا س بات کا اعلان حزب سربراہ سید صلاح الدین نے حزب کمانڈ کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں تاریخی دن ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ان دنوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور جب تک کشمیری قوم اس نعمت سے سرفراز نہیں ہوگی،حالات کیسے بھی ہوں،جدوجہد جاری رہے گی۔اجلاس میں ہفتہ رفتہ کے شہدا سمیت تمام شہدائے کشمیر کے حق میں بلندی درجات کی د عا بھی کی گئی۔اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیر حصول منزل تک پوری قوت سے جاری رہے گی ۔