ڈیرہ اللہ یار ، مون سون کی پہلی بارش، سڑکیں گلی، محلے تالاب بن گئے

107

ڈیرہ اللہ یار( این این آئی )ڈیرہ اللہ یار میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ مون سون کی پہلی بارش، سڑکیں، گلی، محلے تالاب بن گئے، دیہی علاقوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع، سیم نالوں میں طغیانی آنے سے بیشتر علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بڑھ گیا، میونسپل کمیٹی نے سکر مشین کے ذریعے نکاسی آب کو یقینی بنا کر پہلے مرحلے میں اہم سڑکوں اور گلی محلوں میں آمدورفت بحال کروادی ۔ڈیرہ اللہ یار اور گردونواح میں پیر کی علی الصبح گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ مون سون کی پہلی بارش ہوئی بارش ایک گھنٹے سے زائد وقت تک تواتر سے جاری رہی جس کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، سڑکیں، گلی، محلے تالاب بن گئے سیم نالوں میں تغیانی آنے سے بیشتر علاقے زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تیز اور موسلادھار بارش سے دیہی علاقوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہات کے لوگ بھی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ بارش کے بعد شہریوں کی مشکلات کو ختم کرنے کے لیے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد سلیم ڈومکی کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کمیٹی کے عملے نے تیزی کے ساتھ بارش کے پانی کو نکاس کرنے کا عمل شروع کردیا ۔میونسپل کمیٹی کے عملے نے سکر مشین ودیگر مشینری کی مدد سے پہلے مرحلے میں اہم سڑکوں اور گلی محلوں میں جمع ہونے والا بارش کا پانی نکاس کرکے نالیوں کی صفائی کا عمل مکمل کر لیا جس کے بعد شہریوں کی آمدورفت بحال ہوگئی اور دوسرے محلے میں دیگر گلی محلوں سے بھی بارش کے پانی کا نکاس شروع کردیا گیا۔ پیر کے روز ہی کوئٹہ روڈ، عدالت روڈ، کلب روڈ ،اوستہ محمد اور صحبت روڈ سمیت ہندو محلہ کھوسہ کالونی، گولہ کالونی ،تحصیل کالونی، جتوئی کالونی اور بلوچ کالونی سمیت درجنوں علاقوں سے بارش کا پانی نکاس کردیا گیا۔ چیف آفیسر محمد سلیم ڈومکی نے بتایا کہ بارش تھمتے ہی میونسپل سروسز کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے سے شہریوں کی مشکلات میں کافی حد تک کمی آئی ہے اور اہم علاقوں میں آمدورفت کو بحال کردیا گیا۔ بارش کے بعد مچھروں کی افزائش کو روکنے کے لیے بھی اسپرے مہم شروع کردیا جائے گا۔