حکومتی دعوؤں کے باوجود آٹا سستا دستیاب نہیں،عمرفاروق

92

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمودنے کہا ہے کہ حکومتی دعوؤں کے باوجود آٹا سستا دستیاب نہیں۔ 20کلو آٹے کا تھیلا 1100روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔سرکاری گوداموں سے گندم کا اجرا ہوا اور نہ ہی آٹے کی قمیت میں کمی۔سادہ روٹی 8روپے اور نان 15روپے کا ہوگیا ہے۔ عوام سے دو وقت کا نوالہ بھی چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے، جس انداز میں سرکاری احکامات کی تذلیل اس دور میں کی جارہی ہے،ماضی میں کبھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران نااہلوں کا ٹولہ ہے۔ وزرا خود اعتراف کررہے ہیں کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سازش تھی، ہر جگہ مافیا کا راج ہے، عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا، کرپشن کی نئی داستانیں رقم ہورہی ہیں، کرپٹ افراد کابینہ کا حصہ ہیں اور کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی منصوبوں میں شفافیت کا فقدان ہے۔ کورونا کی صورتحال نے حکمرانوں کی نااہلی سے پردہ اٹھایا ہے۔ قوم پوچھ رہی ہے کہ ٹائیگر فورس کہاں گئی؟عمرفاروق گجرنے اس حوالے سے مزید کہا کہ اداروں کی نجکاری کے حوالے سے حکومتی اقدام کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں۔ قومی اداروں کو اونے پونے فروخت کرنا اور لاکھوں افراد کا مستقبل داؤ پر لگانا تشویشناک امر ہے۔ حکمران اپنی ناکامیاں اور نا اہلیاں چھپانے کے لیے ایسے کام کررہے ہیں جن سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔