اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ( پیما)، قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد اور ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ نے پاکستان میں کورونا وائرس کی شدت، مریضوں پر نفسیاتی اثرات اور دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں میں اس کی علامات و شدت کو جاننے کے لیے قومی سطح پر سروے کا آغاز کردیا ہے۔ اس کی روشنی میں سفارشات وفاقی حکومت کو پیش کی جائے گی تاکہ ہیلتھ کیئر کے حوالے سے بہتر فیصلے کیے جاسکیں۔پیما کے مرکزی صدر پروفیسر محمد افضل میاں نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے مریض پیما کی ویب سائٹ www.pima.org.pk پر جا کر آن لائن فارم کو فل کر سکتے ہیں۔ اردو اور انگلش میں علیحدہ علیحدہ سوال نامے دیے گئے ہیں جنہیں فل کرنے میں زیادہ سے زیادہ 10 منٹ لگیں گے۔ ان جوابات سے پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کو صحیح طریقے سے جانچنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان میں مقامی ڈیٹا موجود نہیں ہے اس لیے ماہرین کو بیرونی تحقیق پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سروے کے دوران کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے والے دو ہزار دو سو افراد کے انٹرویوز کیے جائیں گے اور ان سے مرض کی علامات، مرض کی شدت، کورونا وائرس کے علاوہ دیگر بیماریوں کی تفصیل اور نفسیاتی اثرات سے متعلق سوالات کیے جائیں گے۔