دو سالہ حکومتی کارکردگی جھوٹ اور وعدہ خلافی پر مبنی ہے ، سینیٹر مشتاق خان

165

 

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی دو سالہ حکومتی کارکردگی جھوٹ، فراڈ، دھوکا، غلط بیانیوں، وعدہ خلافی اور نااہلیوں سے عبارت ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان میں ویژن، امانت و دیانت، پاکستان کے مسائل کا ادراک اور اس کے حل کے لیے منصوبہ بندی کا شدید فقدان ہے۔ موجودہ حکومت سے چھٹکارے میں ہی عوام کے لیے سکھ اور چین ہے۔ سادگی کے دعویداروں نے چین سے بڑی کابینہ رکھی ہوئی ہے، کابینہ کے اندر مافیاز بیٹھی ہوئی ہیں۔ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ اس لیے اسے فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔ ان ہاؤس تبدیلی مسائل کا حل نہیں، اس سے ایک نااہل جائے گا تو اس سے بڑا نااہل مسلط ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امیر صوبہ مولانا تسلیم اقبال اور جنوبی اضلاع کے امراء، جنرل سیکرٹریز اور سیاسی کمیٹیوں کے صدور موجود تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے ملکی قرضوں میں 13 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے، ملک کی شرح ترقی 5.5 فیصد سے کم ہوکر منفی میں چلی گئی ہے۔ شرح سود ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر 13 فیصد پر ہے۔ مہنگائی گزشتہ دس سال میں سب سے زیادہ ہے۔ بے روزگاری اور غربت میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے۔ ملکی اداروں پاکستان اسٹیل ملز اور پی آئی اے کو کمیشن مافیا کا پیٹ بھرنے کے لیے اونے پونے داموں فروخت کرنے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ عدالت عظمیٰ کے جج نے پاکستان ریلوے کی ٹریک کو ڈیتھ ٹریک سے تشبیہ دی ہے، ملکی ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں جبکہ سادگی، کفایت شعاری، پروٹوکول کلچر کے خاتمے کی دعوے دار تحریک انصاف حکومت کی کابینہ 52 افراد پر مشتمل ہے جو کہ چین جیسے ملک سے بھی زیادہ ہے، جس میں 40 غیر منتخب افراد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی اور مرکزی حکومتوں نے خیبر پختونخوا کے مالیاتی حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ این ایف سی میں خیبر پختونخوا کے 156 ارب روپے کم کیے گئے ہیں اور بجلی منافع کے واجب الادا 560 ارب روپے میں بھی تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے حکومت فرار کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے، حکومت کو بلدیاتی انتخابات سے فرار نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مندر کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کا فیصلہ سب کے لیے قابل قبول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس ملک کے مسائل کا حل موجود ہے، اس کی دیانتدار اور مخلص قیادت پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔