ایف پی سی سی آئی نے کمرشل امپورٹرز کے مسائل حل کرنے بیڑہ اٹھایا

188

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی ) کے صدر انجم نثار نے کمرشل امپورٹرز کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے وفاقی بجٹ2020-21 میں کیمیکلز و ڈائز کے خام مال کو پارٹ 2 سے پارٹ3 یعنی فنشڈ گڈزمیں ڈالنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اورچیئرمین ایف بی آر جاوید غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ کیمیکلز وڈائز کے خام مال کو دوبارہ خام مال کے پارٹ 2میں ڈالا جائے تاکہ صنعتوں کو سستا خام مال میسر آسکے بصورت دیگر صنعتوں کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوجائے گا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن ( پی سی ڈی ایم اے )کے چیئرمین وسابق ڈائریکٹر کراچی اسٹاک ایکسچینج امین یوسف بالاگام والاسے فیڈریشن ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ایف پی سی سی کے صدرانجم نثار نے چیئرمین پی سی ڈی ایم اے کے ساتھ بجٹ اناملیز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ملاقات کے دوران ایف بی آر حکام سے فون پربات کرکے اناملیز کی نشاندہی کرتے ہوئے درخواست کی چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ کمرشل امپورٹرز کا آن لائن اجلاس بلایا جائے تاکہ اناملیز سے پیدا ہونے والے مسائل پر بات چیت سے اس کا حل نکالا جاسکے جس کے بعد توقع ہے کہ چیئرمین ایف بی آر یا پھر ممبر ایف بی آر کے ساتھ آن لائن اجلاس بلایا جاسکتا ہے۔انہوں نے درآمدی مال کی ویلیو ایشن رولنگ کئی سالوں سے ریوائز نہ ہونے پر بھی یہ یقین دہانی کروائی کہ وہ اس حوالے سے کسٹمز حکام سے بات کریں گے کہ قانون کے مطابق90دنوں میں عالمی مارکیٹوں میں دستیاب قیمتوں کے مطابق ویلیو ایشن رولنگ ریوائز کی جائے تاکہ کمرشل امپورٹرز کو نقصانات سے بچایا جاسکے۔