حکومت کا ہیلتھ سٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی اسپیشل اکنامک زون بنانے کا اعلان

361

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہیلتھ سٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی اسپیشل اکنامک زون بنانے جا رہے ہیں، دس سال میں پاکستان کو ٹیکنالوجی سپر پاور بنانا اصل منزل ہے۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں دو سو ایکڑ پر ہیلتھ سٹی اور لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں سائنس و ٹیکنالوجی اسپیشل اکنامک زون بنانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان زونز میں ٹیکنالوجی انڈسٹری اور بزنس کو خصوصی مراعات حاصل ہوں گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میں امریکہ، چین، روس، کوریا، جاپان اور یورپی یونین کے ملٹی نیشنلز سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ہمارے ساتھ شامل ہوجائیں، پاکستان کاروبار کے لیے انتہائی سازگار ماحول اور ٹیکسوں کے سب سے آسان ڈھانچے کو یقینی بنائے گا، ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ‘میڈ ان پاکستان’ کے منصوبوں کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اپنایا، آج اگر نہ ہوتے تو پاکستان میں سینی ٹائزر سے ماسک تک یا تو مل ہی نہیں رہے ہوتے یا بلیک ہو رہے ہوتے، آج اپنی ضرورت بھی پوری ہو رہی ہے جب کہ کروڑوں کی ایکسپورٹ بھی کر رہے ہیں۔