ڈیرہ غازی خان: زرتاج گل کی گاڑی پر پتھراؤ، نعرے بازی

143

ڈیرہ غازی خان (صباح نیوز) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی گاڑی پر ڈیرہ غازی خان کے علاقے فورٹ منرو بازار آمد کے موقع پر ناخوش گوار واقعہ پیش آگیا، کچھ لوگوں کی جانب سے ان کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا اور ان کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔ زرتاج گل گزشتہ شب ہوٹل میں لوگوں کے درمیان بیٹھی رہیں اس دوران نعرے جاری رہے، ناخوش گوار واقعے کے دوران وہاں پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے الزام عاید کیا کہ اویس لغاری نے اپنے علاقے میں مجھ پر حملہ کرانے کی کوشش کی، اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں، میرا مقابلہ جاگیرادارنہ نظام سے ہے، شکست ان کا مقدر رہے گی۔ وزیرِ مملکت نے کہا کہ اپنے حلقے فورٹ منرو میں کئی ترقیاتی اسکیمیں شروع کرائی ہیں، مخالفین کو عوام کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔