سودی استحصالی نظام ختم کر کے اسلام کا معاشی نظام لایا جائے

107

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدر ریاض احمد سعدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ریاست مدینہ نظام نافذ کیا جائے۔ سودی استحصالی نظام ختم کر کے اسلام کا معاشی نظام لایا جائے۔ حکومت دینی مدارس پر تعلیم پر بندش کا سلسلہ فوری ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ریاست مدینہ نظام کا اعلان کر کے عوام میں خوشی کے جذبات پیدا کیے لیکن عملاً اس سے انحراف کر لیا گیا اور ریاست مدینہ مخالف نظام پہلے سے زیادہ خرابیوں کے ساتھ مسلط کردیا ہے۔ حکومت فوری طور پر نظام اسلام کی طرف لوٹ آئے اور لیت و لعل کے بجائے نظام نافذ کیا جائے۔ حکومت قادیانیوں کی سرپرستی ختم کرے۔ حیلے بہانوں سے قادیانی نوازی عوام کی شدید پریشانی کا باعث ہے۔ آئین پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کی جائے اور قادیانیوں کے ذریعے اکثریت کے جذبات کی توہین بند کی جائے۔ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کا معاملہ حکومتی آستینوں میں بیٹھا قومی وحدت دشمن اور مذہب بیزار طبقہ کی شرارت ہے اسلام آباد کے ماسٹر پلان کو نہ چھیڑا جائے۔ ہندئوں، عیسائیوں سکھوں کی پہلے سے موجود عبادتگاہوں کی حفاظت اور خدمت کی جائے۔ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر عالمی صہیونی سازشوں کا سلسلہ ہے۔ دینی مدارس میں تعلیم پر پابندی بھی ختم کی جائے۔ ملک بھر میں تعلیمی اداروں میں تعلیم پر عائد پابندی بھی ختم کی جائے، دینی مدارس مساجد میں حفظ قرآن، ناظرہ قرآن اور دینی مدارس میں تعلیم کا بڑا نقصان ہورہاہے یہ تعلیم دشمنی ہے۔ ملک بھر میں کرونا کی آڑ میں زائرین، تبلیغی جماعت، بیرونی ملک پاکستانیوں کی پاکستان آمد کی آڑ میں بدترین فرقہ وارانہ شدت کی آگ بھڑکادی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر آگ اگلتی مہم بہت تشویشناک ہے حکومت اس کا سدباب کرے۔