خلا سے متعلق دلچسپ معلومات

820

انسان جب آسمان کی جانب نظر اُٹھاتا ہے تو اُسے سیارے بھی دکھائی دیتے ہیں اور ستارے بھی لیکن دونوں چیزیں بظاہر ایک جیسی ہی لگ رہی ہوتی ہیں اور انسان کو پتہ نہیں چلتا جب تک وہ دوربین یا کسی اچھے کیمرے سے زوم کرکے نہ دیکھ لے۔ انسان ازل سے ہی خلا کو سمجھنے اور اُس میں موجود اشیاء کی معلومات حاصل کرنے کا خواہشمند رہا ہے اور اپنی استطاعت کے مطابق اس میں کافی حد تک کامیاب بھی ہوگیا ہے۔ ذیل میں خلا سے متعلق چند دلچسپ حقائق پیش کئیے جارہے ہیں۔

٭: عطارد اور زہرہ نظام شمسی کے دو ہی سیارے ہیں جن کے چاند نہیں ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ہمارے نظا م شمسی میں کل 176 چاند ہیں جو مختلف سیاروں کے گرد گھومتے رہتے ہیں۔ ان میں سے کچھ عطارد سے بھی بڑے ہیں۔

٭: اگر کوئی ستارہ بلیک ہول کے قریب سے گزرے گا تو ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔ ماہرین فلکیات 20 برس تک ایک ستارے کا مشاہدہ کرتے رہے جو ہماری کہکشاں میں ایک بلیک ہول کے گرد چکر لگا رہا تھا۔ پھر یہ ستارہ بلیک ہول کے بہت قریب آ گیا اور بالآخر تباہ ہو گیا۔

٭: ہمارے نظام شمسی کا سب سے گرم سیارہ زہرہ ہے ۔ بہت سے لوگ خیال کرتے ہیں کہ یہ عطارد ہو گا کیونکہ وہ سورج کے سب سے قریب ہے۔ دراصل زہرہ کی فضا میں بہت سی ایسی گیسیں ہیں جو ’’گرین ہاؤس ایفکٹ‘‘ پیدا کرتی ہیں۔ اس کی وجہ سے وہاں کا درجہ حرارت 462 سینٹی گریڈ رہتا ہے۔

٭: ہمارا نظام شمسی 4.57 ارب برس قدیم ہے۔ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ پانچ ارب برسوں میں سورج بہت بڑا ہو جائے گا اور ساڑھے سات ارب برسوں میں اس کی سطح اتنی پھیل جائے گی کہ یہ زمین کو نگل لے گا۔

٭: مِلکی وے کہکشاں جس میں ہمارا نظام شمسی بھی ہے، 105,700 نوری سال وسیع ہے۔ ایک نوری سال وہ فاصلہ ہے جو روشنی ایک سال میں طے کرتی ہے۔ روشنی تین لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کرتی ہے۔ ایک جدید خلائی جہاز کو مِلکی وے کہکشاں کے مرکز تک جانے کیلئے 45 کروڑ برس درکار ہوں گے۔

٭: سورج کا وزن زمین سے تین لاکھ 30 ہزار گنا زیادہ ہے۔

٭: انسان نے جب چاند پر قدم رکھا تو اس کی سطح پر اس کے قدموں کے نشان پڑ گئے۔ لیکن یہ نشان ختم نہیں ہوں گے۔ کیوں؟ اس لیے کہ چاند پر ہوا ہی نہیں چلتی۔

٭: مریخ کا دن 24 گھنٹے 39 منٹ اور 35 سیکنڈ طویل ہوتا ہے۔ اب غالباً آپ کا خیال ہو گا کہ مریخ میں سال زمین کی نسبت چھوٹا ہوتا ہو گا۔ نہیں! مریخ زمین کی نسبت سورج کے گرد آہستہ چکر لگاتا ہے اور مریخ کا ایک سال دراصل 687 دنوں کا ہوتا ہے۔