منور حسن نے طاغوتی حکمرانوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا، طارق سلیم

206

 

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ امام حسین ؓ کے حقیقی جانشین کا حق اداکرتے ہوئے سید منور حسن نے کسی طاغوتی حکمران کے سامنے سرجھکایا نہ ہی کبھی کسی غلط موقف کو تسلیم کیا،جماعت اسلامی نے ایک نہیں ہرشہراورگلی کوچے میں سیدمنورحسن جیسی شخصیات پیدا کی ہیں جودیانتداری اورکردارکی اعلیٰ مثال ہیں ۔ وہ جماعت اسلامی پی پی 13کے زیراہتمام بیادسیدمنورحسن تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رضااحمدشاہ ،صدرنیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی، امیر ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد، محمد تاج عباسی، ملک محمد الیاس، سردار تفہیم اعظم، اسلم عباسی سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی اظہار خیال کیا۔ مقررین نے کہاکہ سابق امیرجماعت اسلامی سیدمنورحسن نے پوری زندگی درویشی میں گزاری کبھی کسی دولت یا عہدے کی لالچ نہیں کی ایک بڑی دینی جماعت کے سربراہ ہونے کے باوجود منصورہ کے ایک کمرے میںرہے ،و ہ چاہتے توجائیدادیں بناسکتے تھے لیکن ان کاجناز ہ 4مرلے کے ایک چھوٹے سے مکان سے اٹھایا گیاان کی زندگی شفاف تھی ان کے دامن پرکسی قسم کا داغ نہیں تھا یہی وجہ ہے کہ کسی آمر،ڈکٹیٹریاطاغوتی آلہ کارکی جرات تک نہ ہوئی کہ انھیں خریدنے کاسوچتا،امریکا کے عروج میں انہوں نے شیطان اکبر کو للکارا اور گو امریکا گو تحریک چلائی۔ منور حسن جنت کے راہی تھے، قدم بہ قدم جنت کی طرف چلتے رہے اور پھر جنت کے مکین ہوگئے، رب کریم ان کی مغفرت فرمائے، جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ وہ ایک عظیم قائدمربی اوررہنماتھے ان کی زندگی ہمارے لیے قابل تقلیدہے۔