کوئٹہ، بلڈنگ کوڈ مخالف اور بغیر پارکنگ ایریا عمارتوں کیخلاف کارروائی

108

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ نے بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر بلڈنگ کوڈ مخالف اور بغیر پارکنگ ایریا عمارتوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے بلڈنگ کوڈ کیخلاف تعمیر اور بغیر پارکنگ ایریا متعدد اسپتالوں کو سیل کردیا۔ ایڈمنسٹریٹر طارق جاوید مینگل نے کہا ہے کہ ٹریفک مسائل کے پیش نظر نجی اسپتالوں کو سیل کرنا پڑا۔ ایڈمنسٹریٹر طارق جاوید مینگل نے کہا ہے کہ ٹریفک مسائل کی مرکزی وجہ یہ ہے کہ اسپتالوں نے اپنے پارکنگ ایریا نہیں بنا رکھے۔ ایڈمنسٹریٹر نے مزید کہا کہ نقشوں میں واضح ہونے کے باوجود اسپتال مالکان نے پارکنگ ایریا تعمیر نہیں کیے بلکہ وہاں پر لیبارٹریاں قائم کر رکھی ہیں۔ 90 فیصد اسپتال ایسے ہیں جنہوں نے تعمیرات نقشے کے مطابق نہیں کیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری رہیں گی۔