لاہور ہائیکورٹ ‘نجی اسکولوں کی فیسوں میں 5 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن معطل

65

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورہائیکورٹ نے اسکول فیسوں میں اضافے کے معاملے میں پرائیویٹ اسکولز کی درخواست پر فیسوں میں 5 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ محکمہ تعلیم اپنی کارکردگی دکھانے کے بجائے سو رہا ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے فیسوں میں5 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ طلبہ کی جانب سے ایڈووکیٹ صفدر شاہین پیرزادہ عدالت میں پیش
ہوئے اور بتایا کہ پرائیویٹ اسکولوں کی درخواست میں طلبہ کا موقف سنا جانا ضروری ہے،عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے تحت اسکول فیس میں 5 فیصد اضافہ کرسکتے ہیں اور اب نوٹیفکیشن معطل کیے جانے سے پرائیویٹ اسکول فیسوں میں من مانا اضافہ کریں گے۔اس سے قبل پنجاب حکومت نے8 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے کر5 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا تھا۔ عدالت نے فوری طور پر اسکولوں کی فیس بڑھانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا اور والدین کو عدالتی حکم کے مطابق فیسیں ادا کرنے کا حکم دے دیا۔