کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش‘ بجلی غائب‘ بارش کل تک جاری رہنے کاامکان

80

 

کراچی،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش‘ بجلی غائب‘ بارش کل تک جاری رہنے کاامکان۔کراچی میں مون سون کی دوسری بارش ہوئی جبکہ مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی حسب روایت بجلی غائب ہوگئی۔کراچی میں گرج چمک کے ساتھ مون سون کا دوسرا اسپیل شروع ہوا تو مختلف علاقوں میں آندھی چلی اور تیز بارش ہوئی۔ ملیر کینٹ، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، سہراب گوٹھ میں گرج چمک کے ساتھ جبکہ ناظم آباد، شیرشاہ، اورنگی ٹاؤن ،سرجانی سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش ہو ئی۔ لانڈھی، ملیر، گلشن اقبال، گارڈن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، شارع فیصل، لیاری ،گلستان جوہر سمیت کئی علاقوں میں تیز اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں جب کہ بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے ستائے کراچی کے عوام بارش
کی پہلی بوند کے ساتھ بجلی غائب ہونے سے پریشان اور رات جاگنے پر مجبورہو گئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ(کل )ہفتے کی دوپہر تک جاری رہ سکتا ہے۔علاوہ ازیں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا، بجلی بھی غائب ہوگئی۔ لاہور میں بھی کئی مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی۔ بند روڈ، مال روڈ، گلشن راوی، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، ائرپورٹ اور دیگر علاقوں میں بادل خوب برسے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھی جمع ہوگیا۔ لیسکو کا ترسیلی نظام بیٹھ گیا، شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔جھنگ، شورکوٹ، منچن آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، زیریں سندھ ، کشمیر، گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔