مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم جاری، مزید3 نوجوان شہید

135

سری نگر(خبر ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے ریاتی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع کلگام کے علاقے ناگ ند چھمر میں غاصب بھارتی افواج نے نام نہاد آپریشن اور محاصرے کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی۔کے ایم ایس کے مطابق قابض فوج نے محاصرے کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔غاصب افواج کی جانب سے وادی کے مختلف علاقوں سری نگر، بڈگام، گاندربل، کپواڑہ، اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں، کشتواڑہ، ڈوڈہ، راجوڑی اور پونچھ میں بھی محاصرے اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب قابض فوج کی جانب سے کسی بھی ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے سری نگر میں کرفیو نافذ کیا گیا جب کہ شہریوں کو جمعے کی نماز کی ادائیگی سے بھی روکنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کپواڑہ میں کشمیری نوجوان کو شہید کیا گیا تھا۔علاوہ ازیںحریت رہنما سید علی گیلانی نے وادی میں قابض فوجیوں کی جانب سے گرفتا ریوں کی تازہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تحریک حریت جموں و کشمیر کے جنرل سیکرٹری عامر حمزہ کی گرفتاری حکام کی مایوسی کا ایک اورمظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اس سے حق خودارادیت کے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔” واضح رہے بھارتی فوج نے گرفتاریوں کی تازہ کارروائیوں میں امیر حمزہ سمیت ایک درجن سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے ۔