اگر میں امریکی صدر بنا تو یہ فیصلہ خدا کی طرف سے ہوگا، کانیے ویسٹ

319

واشنگٹن: امریکی گلوکار، ریپر، انٹرپرینور اور پروڈیوسر کانیے ویسٹ نے کہا ہے کہ اگر وہ امریکی صدارتی الیکشن میں کامیاب ہوگئے تو ان کا یہ تقرر خدا کی طرف سے ہوگا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کانیے ویسٹ نے میڈیا نمائندے کو دئیے گئے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں صدارتی الیکشن میں لڑنے کے حوالے سے بتایا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حریف جوبائیڈن کیخلاف ہیں۔

معروف گلوکار کانیے ویسٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں اشارہ ملا ہے کہ وہ صدارتی الیکشن لڑیں۔ اگر وہ کامیاب ہوگئے تو ان کا تقرر بحیثیت امریکی صدر خدا کی طرف سے ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ صدارتی الیکشن لڑنے کا کئی عرصے سے سوچ رہے تھے اور اس فیصلے میں ان کی اہلیہ اور ٹیکنالوجی کی نامور شخصیت ایلن مسک نے سپورٹ کیا ہے۔