ملک کو لوٹنے والوں کا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا، مولانا عبدالحق ہاشمی

129

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے پریشانی و مشکل میں جان کی پرواہ کیے بغیر پریشان حال لوگوں کی خدمات اخلاص ونیک نیتی سے کرکے دنیا وآخرت کی کامیابی سمیٹ لی ہیں ان کے لیے اللہ کی جانب سے انعام کا اعلان ہے، اخلاص نیک نیتی وایمانداری سے پریشان حال مستحقین کی مددکرکے روحانی سکون واطمینان کیساتھ اللہ کی رضا و خوشنودی بھی حاصل ہوتی ہے۔ جے آئی یوتھ کے نوجوانوں نے الخدمت فائونڈیشن وجماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے بہترین خدمات سرانجام دی جس پر جماعت اسلامی کو فخر ہے، خدمت کرنے والے ملک کا اثاثہ ہیں، رضاکاروں نے دن رات ایک کرکے مستحقین وپریشان حال لوگوں کی خدمت کی۔ نوجوان فلاحی سماجی خدمات میں ایک دوسرے کاساتھ دیں تاکہ معاشرے کی خدمت و اصلاح ہوسکے۔ جماعت اسلامی، الخدمت فائونڈیشن نے کورونا کے دوران مستحقین میں سوا تین کروڑ روپے کے کام کیے، آج بھی بلوچستان کے چار سو یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم وتربیت کررہے ہیں، آواران، زیارت زلزلے، نصیر آباد، جعفر آباد سیلاب متاثرین کی بہترین خدمت کرکے کروڑوں روپے اللہ کی رضا کے لیے ان پریشان حال لوگوں پر خرچ کیے، کیا کوئی اور سیاسی، مذہبی جماعت ایسی خدمات سرانجام دے رہی ہیں؟ ملک کے خوبصورت چہرے کو داغ دار بنانے، لوٹ مار کرنے اور برے لوگوں کا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان خوشحال اور پاکستان اسلامی ملک بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ کوئٹہ سٹی کے زیر اہتمام کورونا وائرس لاک ڈائون کے دوران مستحقین کی خدمت و ریلیف ورک میں جان کی پرواہ کیے بغیر مستحقین کی بہترین خدمت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقدہ ’’کوویڈ 19 ایوارڈ‘‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر درجنوں سماجی تنظیموں کے رہنمائوں، نوجوانوں، صحافیوں، قبائلی عمائدین اور علمائے کرام وسیاسی کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب میں جے آئی یوتھ کی جانب سے کوئٹہ کے نوجوان سماجی کارکنوں و فیلڈ میں بہترین کام کرنے والے ہیروز میں شیلڈ، سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گیے، تقریب کے آخر میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔