دنیا میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 2لاکھ 60ہزار افراد کورونا کا شکار

224

 

واشنگٹن /برازیلیہ/نئی دہلی /ماسکو/تہران /انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں ایک ہی روز میں انسانوں کی ریکارڈ تعداد کورونا وائرس کا شکارہوگئی۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران عالمی سطح پر کورونا وائرس کے 2لاکھ 60ہزار سے زاید نئے کیس رپورٹ کیے گئے، جو اس عالمی وبا کے پھوٹنے کے بعد سے نئے متاثرین کی سب سے بڑی یومیہ تعداد ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے اتوار کے روز بتایا کہ سب سے زیادہ نئے کیس امریکا، برازیل، بھارت اور جنوبی افریقا میں ریکارڈ کیے گئے۔ اسی طرح 10مئی کے بعد کسی ایک دن میں ہلاکتوں کی بھی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز7ہزار 360 ہلاکتیں ہوئی جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔اس کے علاوہ سائنسدانوں نے
خبردار کیا ہے کہ بھارت جو کہ اب بھی دنیا میں سب سے زیادہ کیسزکے اعتبار سے تیسرے نمبر پر ہے، وہاں کورونا وائرس کا عروج آنا ابھی باقی ہے۔ادھر ایران کے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ایران میں 14 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔ایرانی صدر حسن روحانی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران میں ڈھائی کروڑ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور مزید ساڑھے 3کروڑ افراد وبا کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔ حسن روحانی نے یہ انکشاف ایران کی کورونا وائرس فائٹنگ ٹاسک فورس کے ٹی وی پر نشر ہونے والے اجلاس میں کیا۔صدر حسن روحانی کی جانب سے دیے گئے اعداد و شمار سے متعدد ایرانی حیران ہوئے ہیں۔اس کے ردِ عمل میں ترکی نے ایران کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں اور ایرانی پارلیمان کے ڈپٹی علی رضا سلیمی نے حکومت سے کورونا وائرس کیسز کا ایک سرکاری نمبر وضع کرنے کی درخواست کی ہے۔