فرانسیسی ائر لائن کو پاکستان کیلیے پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت

210

 

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس کی نجی چارٹر کمپنی کو پاکستان کے لیے خصوصی پرواز آپریٹ کرنے کی اجازت دے دی گئی۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ائر ٹرانسپورٹ نے اس حوالے سے باضابطہ طور پر اجازت نامہ بھی جاری کردیا ہے۔اجازت نامہ کے تحت ہائی فلائی نامی فرانسیسی چارٹر کمپنی کی خصوصی چارٹر پرواز 23جولائی کو 200 سے زاید مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوگی جب کہ 22 جولائی کو 250 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی، خصوصی چارٹر پرواز کے ذریعے مبینہ طور پر پی آئی اے کے مسافروں کو یورپ کے ممالک کے لیے سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں سے واپسی کا کرایہ 800 یورو وصول کیا جا رہا
ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چارٹر پرواز کا انتظام پی آئی اے کے فرانس میں جنرل سیلز ایجنٹ نے کیا ہے جب کہ سیلز ایجنٹ کی جانب سے جاری اشتہار میں بھی پی آئی اے کا نام دیا گیا ہے اور سیلز ایجنٹ کی جانب سے فلائٹ آپریٹ کے لیے پی آئی اے کے نام کے مبینہ استعمال سے ائر لائن انتظامیہ آگاہ ہے، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل سیلز ایجنٹ پی آئی اے کی جانب سے چارٹر فلائٹ آپریٹ کرنے سے آگاہ ہیں۔