غیر ملکی اشاروں پر تیار شدہ نصاب قبول نہیں، ریاض احمد سعدی

121

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی علماء مشائخ ونگ کے ضلعی صدر ریاض احمد سعدی اوردیگرعہدیداران نے حکومت کی طرف سے پیش کردہ یکساں قومی نصاب کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ سیکولر اور لبرل ایجنڈے اور امریکہ و آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنائے گئے نصاب کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور یکساں قومی نصاب کی آڑ میں بیرونی ایجنڈے پر کار بند این جی اوز کو خوش کرنے کی پالیسی کو تبدیل کرے۔ قوم آئین و شریعت کی روح کے منافی کسی نصاب کو لاگو کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ نصاب تعلیم سے خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم، انبیاء علیہم السلام، صحابہ کرام ؓ کی سوانح حیات، غزوات اور سیرت رسولﷺ کے مضامین کو نکال کر حکومت نے ملک کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے اور نئی نسل کو اپنے شاندار ماضی سے کاٹ کر پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے کی گھنائونی سازش کی ہے۔ حکومت اپنے دین بے زار ایجنڈے سے باز نہ آئی تو اس کیخلاف تحریک نظام مصطفی کی طرز پر ایک بڑی قومی تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا علماء مشائخ ونگ یکساں نصابِ تعلیم کے نام پر عالمی طاغوتی اور صہیونی سیکولر ایجنڈے کو مسلط کرنے کی حکومتی کوششوں کی پُرزور مذمت کرتاہے اور حکومت پر واضح کرتا ہے کہ ماضی کی طرح یہ کوشش بھی ناکام ہوگی اسی طرح قومی زبان اردو کی بجائے انگریزی کو ذریعہ تعلیم بنانے کی تجویز کا ڈٹ کر مقابلہ کیاجائے گا، طلبہ اساتذہ، والدین،علماء کرام، دینی مدارس، منبرو محراب اور عوام کی طاقت کے ساتھ ان شاء اللہ پاکستان کو سیکولر ایجنڈے اور سیکولر طبقہ سے مکمل طور پر محفوظ رکھاجائے گا، مجوزہ نصاب کو مستردکرتے ہوئے اس کو واپس لینے کا مطالبہ کرتا ہے۔