چند سرمایہ دار اور جاگیر دار خاندان ملک لوٹ رہے ہیں ، طارق سلیم

135

 

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ تحریک انصاف نے عوام ہی نہیں اپنے ووٹراورکارکنان کوبھی مایوسی کی گہری کھائی میں دھکیل دیا70برسوں سے مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اٹھائے چند سرمایہ دار اور جاگیر دارخاندان ملک کولوٹ رہے ہیں، قوم کے پاس جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کے علاوہ کوئی متبادل آپشن نہیں،بلدیاتی الیکشن کی بھرپورتیاری کررہے ہیں صوبے بھرکے اضلاع میں امیدواروں کی نامزدگی کاسلسلہ جاری ہے بہترین حکمت عملی کے ساتھ عوام کے لیے امیدثابت ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کے تینوں تنظیمی اضلاع کے دورے کے دوران منعقد ہ اجتماعی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امیرصوبہ قاضی محمدجمیل،ڈپٹی سیکرٹریز جنرل رضا احمد شاہ، محمد عثمان آکاش، امرائے اضلاع سید عارف شیرازی، راجا محمد جواد، عتیق احمد عباسی، شمس الرحمن سواتی، صوبائی سیکرٹر ی اطلاعات انعام الحق اعوان ،نائب صدرجے آئی یوتھ شمالی پنجاب عمران فرازسمیت دیگر ذمے داران نے بھی اظہارخیال کیا۔ اجلاس میں اضلاع کی سیاسی وتنظیمی کارکردگی کاتفصیلی جائزہ لے کرآئندہ کے لیے حکمت عملی مرتب کی گئی۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے اپنے حالات بدلنے میں لگے ہیں۔ حکومت اور بڑی اپوزیشن پارٹیوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے اور یہ سب ایک عالمی شیطانوں در پرسجدہ ریزہ ہیں۔ پیپلز پارٹی صوبائی حکومت بچانے اور ن لیگ گرفتاریوں سے بچنے کے لیے ہاتھ پائوں مار رہی ہیں۔ ان پارٹیوں کے ایجنڈے میں کہیں بھی عوام کے مسائل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے۔ حقیقی اپوزیشن ہم ہیں اور ہمارے پاس ہی تبدیلی کا اصل ایجنڈا ہے۔ جب قرآن کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی ہوگی تو پاکستان حقیقی معنوں میں مدینہ کی ریاست بنے گا۔