بحیرہ مردار سے متعلق دلچسپ معلومات

693

بحیرہ مردار (Dead Sea) کرہ ارض کا سطح سمندر سے سب سے نچلا مقام ہے جو 420 میٹر (1378 فٹ) نیچے واقع ہے جس کے کنارے مغربی کنارہ، اسرائیل اور اردن سے ملتے ہیں۔

یہ دنیا کی سب سے گہری نمکین پانی کی جھیل ہے، جس کی گہرائی 330 میٹر (1083 فٹ) ہے۔ اسرائیلی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بحیرہ روم سے 9 گنا زیادہ نمکین ہے اور یہی وجہ ہے جس کی بنا پر اسے بحیرہ مردار کہا جاتا ہے کیونکہ اس کے پانی میں بہت زیادہ شوریدگی کے باعث اس جھیل میں کوئی آبی حیوانات اور پودے نہیں پائے جاتے۔ جبکہ کثافت زیادہ ہونے کی وجہ سے اس میں کوئی انسان ڈوب بھی نہیں سکتا۔

بحیرہ مردار کے اردگرد کی سرزمین بنجر اور صحرائی ہے- یہاں تقریباً 330 دن انتہائی دھوپ رہتی ہے٬ یہاں کی ہوا میں نمی کی سطح انتہائی کم ہے جبکہ بارش بھی بہت کم ہوتی ہے- لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ آپ یہاں جتنی دیر بھی دھوپ میں رہیں سورج کی شعاعیں آپ کی جلد کو متاثر نہیں کریں گی-

دنیا کا سطح سمندر سے سب سے نچلا مقام ہونے کے باعث یہاں کی آب و ہوا میں آکسیجن کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے آپ خود کو تروتازہ اور پرسکون محسوس کرتے ہیں- قدیم وقتوں سے بحیرہ مردار کو صحت کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے- ہمیشہ سے ہی بحیرہ مردار طبی ماہرین کے درمیان انتہائی مقبول رہا ہے- اور متعدد تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ یہ مقام جلد کی بیماریوں سے نجات کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے-