راولپنڈی(اے پی پی)مشیر تجارت رزاق دائود نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ تک ایکسپورٹرز کو 50ارب روپے کے ری فنڈز کی ادائیگی ہو چکی ہے ،حکومت پاکستانی ایکسپورٹرز کو کئی مراعات دے رہی ہے،غیر معروف شعبوں اور جغرافیائی مقامات کو ترجیح دی جا رہی ہے، افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے کئی مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی، کسٹم ڈیوٹی اور ٹیرف میں کمی کی گئی ہے، اب پاکستان سے افریقی ممالک کو مائکروویو اوون، ریفریجریٹرز کی ایکسپورٹ شروع ہو چکی ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ورچوئل انٹر نیشنل ٹریڈ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرونا وبا کے باعث کئی مسائل کا سامنا ہے تاہم باقی ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی ایکسپورٹس میں صرف 6 فیصد کمی آئی ہے جبکہ باقی ممالک میں یہ ڈبل ڈیجٹ میں ہے۔ ٹریڈفورم کے انعقاد پر راولپنڈی چیمبر مبارکباد کا مستحق ہے، باقی چیمبرز کو بھی اس کی تقلید کرنی چایئے۔ اگلے سال فروری میں کینیا میں لک افریقا ٹریڈ فورم پارٹ ٹو منعقد کیا جائے گا۔ قبل ازیں صدر چیمبر صبور ملک نے کہا کہ ٹریڈ فورم کا انعقاد نئی منڈیا ں تلاش کرنا اور نئے مواقع ڈھونڈنا ہے۔ پاکستانی تاجر برادری تجارتی پالیسیوں اور مراعات سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔