کوئٹہ، میٹرک اور انٹر کے طلبہ اگلے گریڈ میں پروموٹ

264

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) چیئرمین بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بلوچستان نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو اگلے گریڈوں میں پروموٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ عالمی وبا کورونا کے باعث نا صرف میٹرک کے امتحانات کا عمل ادھورا چھوڑ دیا گیا تھا بلکہ اس سے انٹر میڈیٹ اور دیگر جماعتوں کے امتحانات بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے تھے۔ عالمی وبا کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث امتحانات کو ملتوی کردیا گیا بلکہ بعد ازاں میٹرک اور انٹر میڈیٹ میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کو پروموٹ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں سمری کی منظوری کے بعد گزشتہ روز بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین کے دستخط سے گزشتہ روز میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طلبہ و طالبات کو اگلے گریڈ میں پروموٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ نویں اور گیارہویں کے تمام طلبہ کو بالترتیب دسویں اور بارہویں گریڈز میں ترقی دی گئی ہے۔ 2019ء کے امتحانات میں نویں اور گیارہویں جماعت میں حاصل کردہ نمبروں پر دسویں اور بارہویں جماعت کا رزلٹ تیار کیا جا ئے گا بلکہ کورونا کی صورتحال پر 3 فیصد اضافی نمبر بھی امیدواران کو دیے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے تحت صوبے کے نویں اور دسویں جماعت کے ایک لاکھ 28 ہزار طلبہ و طالبات صوبے کے فرسٹ ایئر اور سکینڈ ایئر کے 98 ہزار طلبہ مستفید ہوئے ہیں۔