پارا چنار کے بازار میں دھماکا ،17 افراد زخمی

281

 

پارا چنار(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کی کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں20 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔پارا چنار طوری مارکیٹ میں ہونے والے بم دھماکے میں 20 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں اطراف میں موجود املاک کو بھی نقصان پہنچا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی نجف علی نے بتایا کہ آئی ای ڈی کے ذریعے دھماکا کیا گیا اور دھماکا خیز مواد سبزی کی ریڑھی میں نصب کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اکثر سبزی اور پھل فروش ہی موجود ہوتے ہیں۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قیصر عباس بنگش نے کہا کہ اب تک کم از کم 16 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے
اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔علاقے میں اس وقت ایک بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موجود ہے جو آئی ای ڈی کو تلاش کررہی ہے تاکہ مزید کسی سانحے سے بچا جا سکے۔دوسری جانب علاقے کے رہائشی افراد نے واقعے کے خلاف مقامی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔پاراچنار خیبرپختونخوا کی کرم ایجنسی کے چند حساس قبائلی علاقوں میں سے ایک ہے کیونکہ اس کی سرحد افغانستان کے تین صوبوں سے منسلک ہے اور گزشتہ دہائی کے دوران یہاں دہشت گردی، بم دھماکوں سمیت اغوا برائے تاوان کے واقعات بھی رونما ہوتے رہے ہیں۔50 ہزار سے زائد آبادی کے علاقے پارا چنار میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور وہاں فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چوکیاں بھی قائم ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں کہ پاراچنار میں دہشت گردی کی کارروائی سامنے آئی ہو بلکہ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ اس علاقے کو دہشت گرد نشانہ بنا چکے ہیں۔23 جون 2017 کو پارا چنار کے گنجان آباد علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 67 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔اس سے چند ماہ قبل ہی امام بارگاہ کے قریب کار میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔جنوری 2017 میں دہشت گردوں نے پاراچنار کو نشانہ بنایا تھا اور سبزی مارکیٹ میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک اور 87 زخمی ہو گئے تھے۔