(کراچی (اسٹاف رپورٹر
ملک کے نامور شاعر،مزاح نگار، روزنامہ جسارت کے کالم
نویس اور کئی کتابوں کے مصنف پروفیسر عنایت علی خان 83 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد اتوار کی صبح کراچی میں انتقال کرگئے ۔ مرحوم کی نمازجنازہ عائشہ مسجد سورتی سوسائٹی ملیر ادا کی گئی جس کے بعد ملیر ہالٹ کے قریب قبرستان میں ان تدفین کردی گئی ۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، سابق امیر کراچی معراج الہدی صدیقی ، جسارت کے چیف ایدیٹر اطہر ہاشمی ، مظفر اعجاز سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں ۔ مرحوم نے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں اور دو داماد سوگوار چھوڑیں ہیں ۔ مرحوم کے داماد راشد خاں کے مطابق مرحوم کو چند روز قبل جگر کے عارضے میں شکایت پیدا ہوئی تھی ، اتوار کی علی الصبح نماز فجر کے بعد ان کی طبیعت بگڑی انہیں مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ صبح تقریبا 8 بجے اپنے خالق حقیقی سے جاملے