ضیا الرحمن کی تعیناتی مولانا کی بلیک میلنگ کا حصہ ہے،علی امین گنڈا پور

175

ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈا پور نے جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کے بھائی ضیا الرحمن کی ڈپٹی کمشنر تعیناتی کے فیصلے پر مولانا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ضیاء الرحمن کی تعیناتی مولانا فضل الرحمن کی ایک اور بلیک میلنگ کا حصہ ہے، مولانا نے ہمیشہ اسلام کے نام پر ووٹ لیکر اسلام آباد کے مزے لیے اور اپنے ذاتی بینک بیلنس میں اضافہ کیا، عمران خان واحد لیڈر ہے جس نے مولانا فضل الرحمن کو بلیک میلنگ کو جوتے کی نوک پر رکھا اور تمام تر مشکل حالات کے باوجودکامیابی سے حکومت چلا رہے ہیں۔ مولانا نے مشرف دور، نواز شریف دور اور زرداری دور میں بھی بلیک میلنگ کی سیاست کو فروغ دیکر مفادات حاصل کیے۔ کشمیر کمیٹی کی چیئرمینی بھی ان کی اسی بلیک میلنگ کی سیاست کا حصہ تھی۔ عوام اب مولانا فضل الرحمن کے طرز سیاست کو پہچان چکے ہیں۔ آئندہ دور میں بھی اب انکا سیاست میں کوئی کردار نظر نہیں آئے گا۔