بلوچستان میں فورسز پرفائرنگ‘ ایک شہید‘3اہلکار زخمی

105

کیچ(خبر ایجنسیاں)بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سیکورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے کیچ کے علاقے پدارک میں معمول کے گشت کے دوران سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک جاوید کریم شہید اور 3 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔21 جولائی کو بلوچستان کے شہر تربت کے بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک فرد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔دھماکے سے نہ صرف قریبی گاڑیوں کو نقصان پہنچا بلکہ کچھ دکانوں میں آگ بھی لگ گئی۔پولیس کے مطابق شرپسندوں نے ایک موٹر سائیکل میں امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) نصب کی تھی جیسے انہوں نے تربت میں دکانوں کے باہر کھڑا کرکے دھماکے سے اڑا دیا۔قبل ازیں 14 جولائی کو پنجگور میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 جوان شہید اور 8 زخمی ہوئے تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کی گشت پارٹی پر وادی گیچَک کے قریب فائرنگ کی گئی۔علاوہ ازیں ایف سی بلوچستان نے تربت میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں کالعدم بی ایل اے کا مرکزی دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ایف سی بلوچستان کی جانب سے خفیہ معلومات پر تربت کے علاقے بلیدہ میں آپریشن کیا گیا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گرد کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے تھا اور وہ ان کا مرکزی دہشت گرد تھا جب کہ آپریشن کے دوران ہتھیار، گرنیڈ، آلات مواصلات اور دیسی ساختہ بارودی سرنگیں برآمد ہوئی ہیں۔