بلوچستان کو خوشنما اعلانات سے ترقی نہیں مل سکتی، عبدالحق ہاشمی

119

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو حکومت کے خوشنما اعلانات، بے عمل وعدوں سے ترقی نہیں مل سکتی، یہاں کے عوام کو ترقی وخوشحالی کے سفر میں شامل کرنا ہوگا، یہ اسی صورت ممکن ہے کہ صوبے و مرکز میں دیانتدار حکومت ہو اور لوٹ مار ختم ہو، جماعت اسلامی لوٹ مار کے خاتمے اور دیندار حکومت کے لیے کوشاں ہے۔ ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر صرف جماعت اسلامی جیسی دیانتدار اور مخلص قیادت ہی ڈال سکتی ہے۔ مساجد ومدارس کو آباد کرنے والے اللہ کے نیک وصالح اور منتخب لوگ ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مستونگ میں مدرسہ مصباح القرآن کے افتتاح کے موقع پر بعد ازاں جماعت اسلامی کے ذمے داران سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر بشیر احمد ماندائی، امیر جماعت اسلامی مستونگ حافظ خلیل الرحمن شاہوانی، محمد ساجد تنیو و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال سے قوم کو سبز باغ دکھانے اور تبدیلی کے نعرے لگانے والوں نے ملک وملت کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے، ہر طرف لوٹ مار جاری ہے، پوچھنے والا کوئی نہیں۔ عوام غربت، جہالت، مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں۔ عام آدمی تعلیم، صحت اور انصاف کی سہولتوں سے محروم ہے۔ جب تک اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ نظام سے روگردانی کا رویہ ترک نہیں کیا جائے گا مسائل ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھتے رہیں گے۔ نظریاتی مملکت کے قیام کے لیے ہمارے اسلاف نے ناقابل فراموش قربانیاں دیں۔ لاکھوں مسلمانوں کو شہید کردیا گیا، شیر خوار بچوں کو نیزوں پر اچھالا اور بہنوں اور بیٹیوں کی عزتوں کو پامال کیا گیا لیکن قیام پاکستان کے بعد جو لوگ ملکی اقتدار پر مسلط ہوئے انہوں نے ان تمام قربانیوں کو ضائع کردیا اور ملک پر دوبارہ وہی انگریز کا نظام مسلط کردیا جب تک ملک کو تحریک پاکستان کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کیا جاتا تبدیلی کا کوئی خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ جماعت اسلامی اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کی جدوجہد کررہی ہے اور اس عظیم مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کو اپنی منزل سمجھتی ہے۔ عوام سیکولر اور لبرل نظام کے حامیوں اور ڈگڈی بجا کر مجمع لگانے والوں کے چنگل سے نکل کر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔