پشاور ( اے پی پی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے عید الاضحی کے موقع پر کورونا وبا کے ممکنہ پھیلاو کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر عید کا تہوار سادگی سے منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام کابینہ ارکان ،وزراء ، مشیروں اور معاون خصوصی کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھی عید کا تہوار انتہائی سادگی سے اپنے گھروں پر منائیں، اپنے حجروں میں لوگوں سے عید نہ ملیں اور عید کے دنوں میں سیرو تفریح کے لیے سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ ابھی سیاحتی مقامات کو کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا ، عید کے موقع پر صوبے کی سیاحتی مقامات ہرقسم کی سیر و تفریح کے لیے بدستور بند رہیں گی لہٰذا تمام شہری عید کی چھٹیاں اپنے گھروں پر منائیں اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیر اعلیٰ نے خود بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے عید اپنی رہائش گاہ پر منانے اور کسی سے عید نہ ملنے کا فیصلہ کیا ہے۔