گلگت بلتستان :دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں 5سی ٹی ڈی اہلکاروں سمیت7جاں بحق

118

چلاس (آن لائن) چلاس کے رونئی محلے میں ملزمان اور سی ٹی ڈی پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 5 اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ5 اہلکار زخمی ہوگئے ‘ نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی گلگت نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے رات گئے چلاس کے رونئی محلے میں ایک مکان پر چھاپا مارا۔ مطلوبہ ملزمان کی پناہ گاہ کے متعلق خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا جہاں فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا ایک سب انسپکٹر سہراب اور 5 جوان شہید اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے کی زد میںآکر2 شہری بھی مارے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو ریسکیو 1122 نے آر ایچ کیو اسپتال چلاس منتقل کیا۔ نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جب کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔