پاراچنار، تلخ کلامی پر ایف سی کی فائرنگ ، 2افراد جاں بحق

178

پاراچنار(آن لائن) ضلع کرم کے سرحدی علاقے مالی خیل میں ایف سی کے چھاپے، گھر کی تلاشی کے دوران مزاحمت پر ایف سی کی فائرنگ سے 2 افراد مارئے گئے جبکہ4 زخمی ہوگئے واقعے کے مطابق ضلع کرم کے سرحدی گاؤں مالی خیل میں ایف سی اہلکاروں نے مخبری پر امیر حمزہ نامی شخص کے گھر پر چھاپا مارا اس دوران گاؤں کے لوگ بھی اکٹھے ہو گئے اور ایف سی اہلکاروں کو چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے سے روکا ،تلخ کلامی اور پتھراؤ کے بعد ایف سی اہلکاروں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا ، یعقوب علی راستے میں جبکہ حجاب حسین نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ عادل حسین، معراج حسین، سفر علی، لجبر حسین زخمی ہوگئے ۔ضلع کرم سے پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری اور طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی سردار حسین نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ضلع کرم میں ایف سی کی فائرنگ سے کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوچکا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں بد مزگی کا ماحول ہے ۔ایف سی کمانڈنٹ اور ذمے دار حکام سے بار بار رابطوں کے باوجود رابطہ نہ ہوسکا۔