عیدالاضحی کے سبب مہنگائی عروج پر ہے ،رانا طہٰ

184

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری محمدطلحہ،نائب امیر میاں عتیق الرحمن، رانا نذیر خاں ، میاں اعجازحسین اور دیگر نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے سبب مہنگائی عروج پر ہے سبز اور خشک چارے کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں،توڑی 60 روپے کے بجائے 70 روپے فی کلو بکنے لگی جانوروں کا چارہ بھی مہنگا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے،جانوروں کے چارے کے حصول کیلیے لوگوں کو مختلف دیہی علاقوں کا رخ کرنا پڑرہا ہے جبکہ چوکر، کھل، کرا وغیرہ بھی نایاب ہونے سے مہنگے داموں فروخت ہورہے ہیں جبکہ20 روپے کلو ملنے والی لوسر 25 روپے کلو میں دستیاب ہے۔ کھل 40 کے بجائے 70 روپے، ونڈا 30 کے بجائے 60 روپے کلو میں بیچا جا رہا ہے۔ بیوپاری سپلائی اور خریدار قیمتوں سے پریشان ہیں۔راناطٰہٰ خاں نے کہاکہ محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے حکومتی گائیڈ لائن پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے عید الاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی شہر سمیت ضلع بھر میں غیر معیاری اور مضر صحت ونڈا کی فروخت عروج پر پہنچ گئی،انہوں نے کہاکہ کھلے عام زائد المعیاد،غیر معیاری ونڈا کی فروخت نے انہیں سخت پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے، حکومتی ہدایات پر اکا دکا کارروائی کر کے سب اچھا کی رپورٹ ارسال کرنے کا سلسلہ جاری ہے اورقانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی کے بجائے ساز باز کرنا معمول بنا ہوا ہے، معیاری ونڈا کی فروخت میں محکمہ خود ہی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کمشنر وڈپٹی کمشنر سے نوٹس لے کر ذمے داروں کے خلاف ایکشن اورضلع میں معیاری ونڈا کی فروخت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔